(لاہور نیوز) دنیا بھر میں آج ینگ ڈاکٹرز کا دن منایا جا رہا ہے ۔ اس دن کو منانے کا مقصد طبی شعبے سے جڑے ان نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ہراول دستے کا کردار نبھایا۔
24 جون عالمی سطح پر ینگ ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ڈے کی بنیاد ورلڈ ینگ ڈاکٹرز آرگنائزیشن نے 2013ء میں رکھی۔ نوجوان ڈاکٹرز کو ایک دوسرے کے ساتھ تجربات، آراء اور خیالات شیئر کرنے کیلئے ایک فورم مہیا کیا گیا۔ ورلڈ ینگ ڈاکٹرز آرگنائزیشن روایتی تنظیم نہیں ، یہ ایک غیر منافع بخش آرگنائزیشن ہے۔
کورونا وبا ہو یا کوئی بھی ناگہانی آفت ینگ ڈاکٹرز کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ کورونا وبا کے دوران ینگ ڈاکٹرز نے ہر اول دستے کے طور پر کام کیا۔ کورونا وبا میں شہروں میں ہو کا عالم رہا۔ ہسپتالوں کے جنرل وارڈز کووڈ وارڈز میں تبدیل ہو گئے۔ ینگ ڈاکٹرز اس خوفناک صورتحال میں بھی فرنٹ لائن پر لڑتے رہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر کورونا کے مریضوں کی خدمت کی۔
عوام میں اس بات کا شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ اس شعبے میں آنا کیوں ضروری ہے۔ ینگ ڈاکٹرز لوگوں کی بہتر صحت کے ضامن ہوتے ہیں۔