(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے دل کے مسائل کی نشاندہی کرنیوالی ڈیوائس ' ای ٹیٹو' ایجاد کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق ٹیٹو سٹِکر کی طرح دِکھنے والی’ای-ٹیٹو‘نامی اس انتہائی مہین پٹی میں سینسر لگے ہوئے ہیں جو مسلسل دل کے عمل کی پیمائش کرتے رہتے ہیں۔یہ پٹی دل کی دھڑکن اور برقی سرگرمی کو دیکھنے کے لیے الیکٹرو کارڈیوگرام (ای سی جی) اور دل کی دھڑکن سے کھلنے اور بند ہونے والے ' والوں' کے سبب پیدا ہونے والی تھرتھراہٹ کی پیمائش کرنے کے لیے سیزمو کارڈیوگرام (ایس سی جی) کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بمشکل کریڈٹ کارڈ کے سائز کی یہ ای-ٹیٹو پٹی پہلی موبائل ڈیوائس ہے جو دو ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس سے ایک ہی وقت میں دل کے برقی اور مکینکی فنکشن کی نگرانی کی جاسکتی ہے۔امریکی شہر آسٹن میں قائم یونیورسٹی آف ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ مسائل کی جلد تشخیص سے قلبی مرض سے نمٹنے کے لیے یہ ایک بہترین چیز ثابت ہوسکتی ہے۔ای-ٹیٹو متلی، سینے میں جلن اور پسینہ آنے کی قلبی مرض کی علامات کے حامل افراد کا معائنہ بھی کر سکتا ہے۔