22 Jun 2023
(لاہور نیوز) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمے میں حمزہ شہباز کی ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی، ہارون یوسف اور شامل تفتیش دیگر افراد کی طلبی بھی مؤخر کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ سے متعلق ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج قمر الزماں کے سامنے ہوئی۔
نیب نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ سلیمان شہباز، ہارون یوسف اور طاہر نقوی کیخلاف شواہد نہیں ملے، عدالت نے ہارون یوسف اور شامل تفتیش دیگر افراد کی طلبی مؤخر کردی۔
حمزہ شہباز نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ جس میں کہا کہ کمر کی تکلیف کے باعث پیش نہیں ہو سکتا، عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے کارروائی 5 جولائی تک ملتوی کردی۔