(لاہور نیوز) شہر میں کئی گھنٹوں تک موسلا دھار بارش کے دوران بوسیدہ چھت گرنے سے 3افراد زخمی ہو گئے جبکہ صوبائی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں بھی شدید متاثر ہوئے۔
گلشن راوی کےعلاقے میں بوسیدہ چھت گرنے سے 3 افراد ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہو گئے، ریسکیو کے عملہ نے زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔
چوہنگ کے علاقے علی چوک کے قریب بجلی کے ٹوٹے تار سے کرنٹ لگنے سے 3 بھینسیں دم توڑ گئیں۔
ادھر بارش کی وجہ سے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے بھی شدید متاثر ہوئے، منصوبوں کیلئے کی گئی کھدائیوں میں پانی بھر گیا، سمن آباد انڈر پاس، شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ اور اکبر چوک منصوبہ متاثر ہوا، بارش کے بعد سمن آباد انڈر پاس کا بیرل پانی سے بھر گیا، شاہدرہ پراجیکٹ اور اکبر چوک ری ماڈلنگ منصوبے کیلئے ہونے والی کھدائیاں بھی زیر آب آگئیں۔
یہ بھی پڑھیں :شہر کے مختلف علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ
نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر نگران صوبائی وزرا ڈاکٹر جاوید اکرم ،عامر میر، کمشنر و دیگر اعلیٰ افسران نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس، لبرٹی چوک، لکشمی چوک، بادامی با دیگر علاقوں میں نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔