(لاہور نیوز) پاکستانی معروف اداکارہ حرا سومرو نے گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ اداکاری کے فرائض سرانجام دینا مشکل ترین کام قرار دے دیا۔
حرا سومرو نے اپنے ایک انٹرویو میں شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہونے کے ناتے شوبز میں کام کرنے کی مشکلات پر بات کی اور اعتراف کیا کہ بیک وقت گھر اور شوبز کو سنبھالنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ اداکاری کرنا فل ٹائم ملازمت ہے، اس میں بعض مرتبہ مسلسل 24 گھنٹے بھی کام کرنا پڑتا ہے۔
حرا سومرو کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار جب وہ شوٹنگ سے رات دیر گئے گھر واپس آتی ہیں تو ان کے بچے جاگ رہے ہوتے ہیں اور وہ ان کے ساتھ وقت گزارنے لگتی ہیں جس سے ان کی نیند مکمل نہیں ہوتی اور پھر انہیں دوسری رات کو ہی سونے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو تجویز دی کہ اگر وہ اداکاری میں آکر 24 گھنٹے تک کام کرنے کی خواہش مند ہیں تو پھر شادی اور بچے نہ کریں، دونوں کو ایک ساتھ چلانا مشکل ہے۔