(لاہور نیوز) پاکستانی اداکارہ و میزبان فضاء علی کی بڑی بہن دار فانی سے کوچ کر گئیں ۔
تفصیلات کےمطابق اداکارہ فضاء علی نے انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی بہن کے انتقال کی اطلاع دی اور افسوس کا اظہار کیا۔فضاء علی نے اپنی انسٹا سٹوری میں مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپی ہمیشہ کیلئے مجھے اور فرال کو چھوڑ کر چلی گئی ہیں ان کی آگے کی زندگی کیلئے دعا کیجیے گا۔
اداکارہ ومیزبان نے انسٹا گرام پر بہن کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں گھر کی گیلری میں جھولا جھولتے اور مسکراتے دیکھا جاسکتا ہے۔اس ویڈیو کے حوالے سے فضاء نے لکھا کہ یہ بہت تکلیف دہ وقت ہے کہ اپنوں کو کھونا، بہنوں کا رشتہ بہت زیادہ اہم ہوتا ہے کہ جب آپ کو علم ہو کہ آپکی بہن ہر وقت آپکا ساتھ دے گی۔
انہوں نے لکھا کہ میری بڑی بہن آپ کی چھوٹی بہن فضا اور فرال (فضا کی بیٹی) آپ کو بہت یاد کریں گی، کوئی بھی وقت آپ کے جانے کے دکھ کو پر نہیں کر پائے گا، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ میں آج اپنی بہن کے بنا ایک ایسے پرندے کی مانند ہوں جو بغیر پروں کے ہو۔
فضاء علی نے غم کو بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی آپی (بہن) کی اگلی زندگی کے لیے دعا کریں کہ اب آسان ہو جو اصل سفر ہے، اللہ کے سپرد!یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی فضا نے اپنی بہن کی اسی ویڈیو کو شیئر کیا کہ جس میں جھولے پر بیٹھ کر بچپن کی باتوں کوبتا رہی تھیں، اس ویڈیو پر فضا نے اپنی بہن کی صحت یابی کی دعا کی درخواست کی تھی۔