روسی تیل کی پاکستان آمد، وزیر اعظم کا قومی کاوش میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کے ساتھ اپنے وعدوں میں سے ایک اور وعدہ ہم نے پورا کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ خوشی کے ساتھ اعلان کر رہا ہوں کہ روس سے رعایتی قیمت پر خام تیل سے بھرا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا ہے اور کل سے تیل کی ترسیل شروع ہو جائے گی، آج تبدیلی کا دن ہے، ہم ملک کی خوشحالی، معاشی ترقی، انرجی سکیورٹی اور مناسب داموں پر توانائی کی فراہمی کیلئے مناسب وقت پر مناسب قدم اٹھا رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں روس سے آنے والا تیل کا یہ پہلا جہاز ہے جو روسی فیڈریشن اور پاکستان کے درمیان نئے تعلقات کی شروعات ہے، میں ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اس قومی کاوش اور روس سے پاکستان تیل لانے کے وعدے کو عملی تعبیر دینے کا حصہ دار رہے ہیں۔