9 مئی کے ذمہ داروں کو قوم کے سامنے لایا جائے: استحکام پاکستان علما و مشائخ کانفرنس
(لاہور نیوز) استحکام پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس نے مطالبہ کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔
مولانا حافظ طاہر اشرفی کی قیادت میں استحکام پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے 1000 سے زائد علماء نے شرکت کی۔استحکام پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر حج کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، آرمی ایکٹ کے تحت بنائی جانے والی عدالتیں جائز ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرونی عناصر کا پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈا رد کرتے ہیں، 9 مئی کے ذمہ داروں کے خلاف کی جانے والی قانونی کارروائی بھی عوام کے سامنے لائی جائے، نوجوان نسل کو شدت پسندی سے دور رکھنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سکیورٹی اداروں کے خلاف مہم کو رد کرتے ہیں، ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف آئینی اور قانونی کارروائی کی جائے۔