(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے سربراہ نے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیا، وزیرِ اعظم نے سپورٹس کمپلیکس میں دی جانے والی مختلف سہولیات کا جائزہ لیا، وزیرِاعظم نے عوام کے لیے کھیلوں کی معیاری سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا، شہباز شریف نے بالخصوص خواتین کے لیے کھیلوں کے علیحدہ انتظامات پر انتظامیہ کی تعریف کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیرِاعظم کو کمشنر لاہور کی طرف سے ایل ڈی اے کے زیر نگرانی سپورٹس کے جاری دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی وزیرِاعظم نے جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کی خصوصی ہدایت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج میں نے سبزہ زارمیں شاندار سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا، بطوروزیراعلیٰ لاہورکے 14 حلقوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس بنائے، 2018 کے الیکشن میں جب دھاندلی کے نتیجے میں ایک فسطائی حکومت لائی گئی تو اس نے تمام منصوبے بند کردیئے، چین کی مدد سے شروع کیے گئے نوازشریف کے تمام منصوبوں کو بند کر دیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا ہم نے سڑکوں کا جال بچھایا،سی پیک شروع کیا، نوازشریف کی لیڈرشپ میں پاکستان کے اندھیرے دور کیے گئے، ہم نے لڑکوں اورلڑکیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ سپورٹس کمپلیکس شروع کیے، فسطائی حکومت نے تمام منصوبے ٹھپ کر دیے، ماضی کی حکومت نے سی پیک کے تمام منصوبے بھی بند کردیئے، گزشتہ چار سالہ دور نے پورے ملک کی ترقی کی رفتارختم کردی۔
انہوں نے کہا صاف پانی اور صفائی کے منصوبوں کے باعث ہماری نیب میں طلبی شروع ہوگئی، گزشتہ حکومت کے سربراہ نے اپوزیشن کو دیوار کےساتھ لگانے کے سواکچھ نہیں کیا، کورونا کےدوران عالمی سطح پر ایل پی جی کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن اس وقت نہیں خریدی گئی۔
وزیراعظم نے کہا اس بجٹ کے حوالے سے دن رات ہم نے محنت کی، پوری کوشش کی کہ عام آدمی کو ریلیف دیں، ہم نے گریڈ 1 سے 17 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا، گریڈ 17 سے اوپر کے افسران کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کیا، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 17.5 فیصد اضافہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط خلوص نیت سے پوری کردیں اب معاہدہ میں کوئی رکاوٹ نہیں، آئی ایم ایف کےسربراہ سے ایک گھنٹہ خود بات کی اور یقین دلایا، جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا معاشی استحکام نہیں آسکتا، نوازشریف کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام لائیں گے، اگر آئی ایم ایف کے معاہدے میں تاخیر ہوئی تو قوم سے خطاب کروں گا۔
نو مئی واقعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا 9 مئی کا واقعہ کسی دشمنی سے کم نہیں تھا، جو دشمن 75سال میں نہ کرسکا وہ شرپسندوں نےایک دن میں کردیا، سرکاری تنصیبات پر حملہ ایک شخص کے اکسانے پر کیا گیا ، نومئی کے واقعات میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملے گی، جو بے قصووار ہیں ان کو کچھ نہیں کہا جائے گا۔