وزیراعلیٰ محسن نقوی سے سندھ پولیس کے انڈرٹریننگ ڈی ایس پیز کے وفد کی ملاقات
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ ڈی ایس پیز کے وفد نے ملاقات کی، محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جو افسران عوام کی خدمت کرتے ہیں اوردل میں بستے ہیں انہیں سفارش کی ضرورت نہیں رہتی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ افسران کا خیرمقدم کیا، سندھ پولیس کے انڈر ٹریننگ افسران نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی پرنگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سندھ سے آنے والے افسران ہمارے مہمان ہیں، سائل سے اچھا سلوک اچھے پولیس افسر کی پہچان ہے، روایتی تعلقات کی بجائے لوگوں سے مضبوط تعلق استوار کریں، اچھے کاموں میں نام پیدا کریں جوآپ کی پہچان بنے، پولیس اور دیگر افسران کو آؤٹ آف دی وے عوام کی مدد اور خدمت کرنی چاہیے، سائل کی مدد کے لئے آؤٹ آف باکس طریقہ کار اختیار کرنے میں کوئی امر مانع نہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کیپٹن مبین شہید جیسے افسران پنجاب پولیس کی شان اور پہچان ہیں، حیدر آباد میں طیارے کو ہائی جیکرز سے چھڑانا پولیس کا قابل ذکر کارنامہ ہے، پولیس سے آنے والے انڈر ٹریننگ ڈی ایس پیز کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔