(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی گلشن راوی اور بند روڈ پہنچے جہاں انہوں نے ٹی جنکشن و بند روڈ کی توسیع کے منصوبے پر بریفنگ لی اور منصوبے پر عمل درآمد و سڑکوں کی کشادگی کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں، محسن نقوی نے ملٹی لیول گریڈ شاہدرہ موڑ پراجیکٹ پر بھی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شاہدرہ موڑ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کی ٹریفک کے دیرینہ مسائل حل ہونے سے شہریوں کو آسانی ہوگی۔
انہوں نے گلبرگ مین بلیوارڈ کو والٹن سے لنک کرنے کے منصوبے کی سائٹ کا بھی دورہ کیا، محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریلوے کراسنگ پر فلائی اوور بھی تعمیر کیا جائے گا۔
بعدازاں نگران وزیراعلیٰ لیڈی ولنگڈن ہسپتال پہنچے اور مختلف شعبوں کا دورہ کیا،انہوں نے گزشتہ ہفتے دورے پر دیئے گئے احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی نگران وزیراعلی سے ملاقات کی، صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت بھی ملاقات میں موجود تھے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی حفاظت کے لئے تمام اقدام بروئے کار لائے جائیں گے، مطالبات کی منظوری کے لئے ڈاکٹرز کا ہڑتال کرنا درست نہیں۔