گلبرگ عسکری پلازہ حملہ : ڈاکٹر یاسمین راشد دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو گلبرگ عسکری پلازہ پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل سے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس پر سماعت کی۔
پولیس نے عسکری ٹاور حملہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل سے طلبی کی درخواست دائر کی۔ جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد گلبرگ عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث ہیں ، تفتیش کیلئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے ، ڈاکٹر یاسمین راشد تھانہ گلبرگ کے مقدمہ نمبر 1271/23 میں مطلوب ہے۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا پولیس کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں تھیں۔