نگران وزیراعلیٰ کا شاہدرہ موڑ پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ ،تعمیراتی کام کا جائزہ
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملٹی لیول گریڈ شاہدرہ موڑ پراجیکٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیو ں کا جائزہ لیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو شاہدرہ موڑ پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ شاہدرہ موڑ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کی ٹریفک کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے، پراجیکٹ کی جلد تکمیل سے لاہور شہر میں آنے اور جانے والے شہریوں کو آسانی ہوگی۔ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیاں پورے عروج پر ہیں۔
چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن/ ڈی جی ایل ڈی اے، سی سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف ٹریفک آفیسر، چیف انجینئر ایل ڈی اے، نیسپاک کے حکام اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
گلشن راوی اور بند روڈ توسیعی منصوبے کا بھی دورہ
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گلشن راوی و بند روڈ کا بھی دورہ کیا ۔ نگران وزیراعلیٰ کو ٹی جنکشن و بند روڈ کے توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے منصوبے پرعملدرآمد اور سڑکوں کی کشادگی کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے سے ازسر نو پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کا از سرنو ٹیکنیکل جائزہ لیا جائے ، رنگ روڈ کی ٹریفک کے بلا تعطل بہاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے پراجیکٹ میں ضروری ترامیم کی جائیں، ملتان روڈ، سمن آباد اور دیگر ملحقہ آبادیوں سے آنے والی ٹریفک کیلئے سگنل فری راستے کشادہ ہونے چاہئیں۔
چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنرلاہور ڈویژن/ ڈی جی ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔