(لاہور نیوز) نگران پنجاب حکومت نے 4 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایل ڈی اے 4 ماہ کے بجٹ کے مطابق میگا پراجیکٹس شروع کرے گا۔
نگران پنجاب حکومت شہر لاہور میں 8 میگا پراجیکٹس تعمیر کرے گی۔ میگا پراجیکٹس کی ڈیڈ لائن 120 سے 180 دن رکھی گئی ہے جس کا تخمینہ ایک کھرب 19 ارب 28 کروڑ سے زائد لگایا گیا ہے۔
ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کے لیے 85 ارب 29 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔
منصوبے کو 180 روز میں مکمل کیا جائے گا۔ شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک میٹرو بس کی توسیع کے لئے 9 ارب 73 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ مین بلیوارڈ گلبرگ سنٹر پوائنٹ سے کیولری تک سگنل فری کوریڈور پر 4 ارب 64 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ نواز شریف انٹر چینج پر انڈر پاس کی تعمیر کے لئے 2 ارب 40 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔
فیروز پور روڈ سٹرکچر پلان روڈ کیلئے 4 ارب 80 کروڑ، جیل روڈ انڈر پاس ری الائنمنٹ کے لئے 2 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ بند روڈ سے رنگ روڈ انٹر چینج کی بحالی اور گلشن راوی ٹی جنکشن پر 4 ارب 84 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں کی خوبصورتی کے لئے 4 ارب 75 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔
گلبرگ سگنل فری کوریڈور، نواز شریف انٹر چینج انڈر پاس اور فیروز پور روڈ سٹرکچر پلان روڈ 120 روز میں مکمل ہوں گے۔