(لاہور نیوز) آئندہ وفاقی بجٹ میں امپورٹڈ لگژری آئٹمز پر ٹیکسز بڑھانے کی تجویز سامنے آئی ہے، مہنگے امپورٹڈ موبائلز مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 100 ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل پر ڈیوٹی بڑھنے کا امکان ہے، امپورٹڈ انرجی سیور بلب ، فانوس اور ایل ای ڈیز بھی مہنگی ہوں گی۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 700 سے 750 ارب روپے تک کے نئے ٹیکس لگیں گے، درآمدی لگژری آئٹمز پر 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا، بالوں کیلئے امپورٹڈ کلرز، ڈائپرز اور پالتو جانوروں کی امپورٹڈ خوراک پر بھی سیلز ٹیکس 25 فیصد رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کے درآمدی میک اپ، بیگز، جوتے اور جیولری پر بھی سیلز ٹیکس 25 فیصد عائد ہو گا، مردوں کے درآمدی کپڑے اور جوتے سمیت درآمدی اشیاء پر بھی 25 فیصد سیلز ٹیکس لگے گا۔
ایف بی آر کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء چاکلیٹ اور درآمدی ٹافیوں پر بھی 25 فیصد سیلز ٹیکس لگانے کا امکان ہے، درآمدی فانوس، لائٹس، ایل ای ڈیز سمیت الیکٹرونکس سامان پر بھی 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد کئے جانے کی تجاویز دی گئی ہیں۔