(ویب ڈیسک )وزیراطلاعات مریم اورنگزیب سے جرمن سفیر ایلفرڈ گرناس کی ملاقات، باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراطلاعات مریم اور نگزیب سے جرمن سفیر ایلفرڈ گرناس کی ملاقات ہوئی جس میں بیبلسبرگ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ٹیلی ویژن اینڈ فلم میونک کے ساتھ اشتراک کے عمل کی تجویز سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراطلاعات نے جرمن سفیر کو فلم اینڈکلچر پالیسی اور اس کے تحت مراعات کے بارے میں آگاہ کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کی خوبصورت، ثقافت اور تہذیب وتمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ غیرملکی فلم سازوں کو پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستانی طالب علموں کو فلم، آرٹ اینڈ کلچر میں فنی تربیت کے لئے جرمن اداروں کے تعاون کے خواہاں ہیں، جرمنی اور پاکستانی نجی وسرکاری درس گاہوں میں تعاون سے فلم، آرٹ اینڈ کلچر کو فروغ مل سکتا ہے۔