(لاہور نیوز) پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں لازوال کردار ادا کرنے والی طاہرہ نقوی نے چند برسوں میں وہ شہرت سمیٹی جس کیلئے برسوں تگ و دو کرنا پڑتی ہے، اداکارہ کو اپنے پرستاروں سے بچھڑے 41 برس بیت گئے۔
منی مدھو بالا کہلانے والی طاہرہ نقوی سیالکوٹ میں پیدا ہوئیں، اداکارہ نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا تو پی ٹی وی پر عظمیٰ گیلانی، خالدہ ریاست، روحی بانو و دیگر فنکاروں کا ڈنکا بجتا تھا، طاہرہ نقوی نے ان سب میں رہ کر اپنا نام بنایا۔
زندگی بندگی، طاہرہ نقوی کا پہلا ڈرامہ تھا، انہوں نے دہلیز، وارث، احساس، ایک حقیقت ایک افسانہ سمیت 50 ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، زندگی بندگی ڈرامے میں طاہرہ نقوی کا ڈائیلاگ ’’چھوٹی سی گڑیا چھوٹی رہ گئی، ممی کی گود میں سوتی رہ گئی‘‘ نے خوب شہرت پائی۔
طاہرہ نقوی چند فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئیں جن میں بدلتے موسم، میاں بیوی راضی و دیگر شامل تھیں۔
1981 میں طاہرہ نقوی کی طبیعت ایسی ناساز ہوئی کہ پھر بہتر نہ ہوئی، ساتھی فنکاروں نے بیرون ملک ان کے علاج کیلئے رقم بھی جمع کی، تاہم اداکارہ 2 جون 1982 میں خالق حقیقی سے جا ملیں۔