
(لاہور نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال میں شدت کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں میں دی گئی چھٹیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
پابندیوں میں توسیع، تعلیمی ادارے 15 ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا، این سی او سی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ 27 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے بروز بدھ مورخہ 15 ستمبر تک مزید بند رہیں گے۔ اس توسیع کا فیصلہ کورونا صورتحال اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
کورونا کی پابندیوں کا اطلاق ملک بھر کے 24 حساس اضلاع پر ہوگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 29 اگست کو کورونا پابندیوں کی توسیع ہوئی تھی۔ کورونا کی پابندیوں کا اطلاق 4 سے 12 ستمبر تک کیلئے کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پنجاب میں 6 سے 11 ستمبر تک تمام سرکاری اور نجی سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں 6 سے 11 ستمبر تک سکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ گھر رہیں اور محفوظ رہیں۔