(لاہور نیوز) ناقص خوراک کی فروخت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کارروائیاں۔ داخلی راستوں پر ناکے لگا کر چیکنگ۔ 15 ہزار 280 لیٹر ناقص دودھ تلف کردیا گیا۔
خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ لاہور میں داخلی راستے پر 2 لاکھ 97 ہزار 827 لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی ہے۔ جس میں سے 15 ہزار 280 لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا ہے۔ 37 گاڑیوں میں موجود دودھ کی LRI انتہائی کم پائی گئی ہے اور ملاوٹ شدہ دودھ بھی پایا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوانہ کا کہنا ہے کہ دیگر کارروائیوں میں 2 فوڈ پوائنٹ سِیل اور 1 فوڈ پوائنٹ کی پراڈکشن بند کر دی گئی ہے۔ 3 فوڈ پوائنٹ کو بھاری جرمانے بھی کئے گئے ہیں۔
سگیاں روڈ پر چیکنگ کے دوران ممنوعہ گٹکا کی فروخت پر حمزہ پان شاپ کو سِیل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح رتن گٹکا کے 1678 ساشے جبکہ وَن ٹو وَن گٹکا کے 1229 ساشے تلف کر دیئے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نشتر کالونی میں ملک کریانہ سٹور کو سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سِیل کیا گیا ہے۔ اسی طرح چیکنگ کے دوران کھلے مصالحہ جات کی فروخت اور لائسنس کی عدم دستیابی پائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹولرنس پالیسی تحت چل رہے ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ ممنوعہ اور ملاوٹ شدہ اشیا فروخت کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دیں۔