(ویب ڈیسک) چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے کہا ہے کہ پاک، پروٹیز پہلا ٹیسٹ کراچی میں شیڈول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان جنوبی افریقہ پہلا ٹیسٹ میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے پرامید ہیں، لاہور کے سخت موسم کے باعث پاکستان جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کا قذافی سٹیڈیم میں انعقاد مشکل ہے، ہمیں اُمید ہے کراچی اور راولپنڈی ٹیسٹ سیریز کیلئے موزوں شہر ہیں، 26 جنوری سے کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کا پہلا ٹیسٹ میچ شیڈول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وسیم خان نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ ٹیم کے دورہ کے حوالے سے مہمان ٹیم کا ایک سکیورٹی وفد بھی آئندہ ماہ کے شروع میں پاکستان آکر انتظامات کا جائزہ لے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب بین الاقوامی ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بائیو سکیور ماحول کے انتظامات کر سکتا ہے۔