پاک بھارت کشیدگی، 2800 سکھ یاتریوں کو ویزوں کا اجرا معمولی نہیں، رمیش سنگھ اروڑہ
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باوجود 2800 سکھ یاتریوں کو ویزوں کا اجرا معمولی نہیں۔
لاہور میں رمیش سنگھ اروڑہ نے بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باوجود 2800 سے زائد یاتریوں کو ویزے جاری کرنا ایک اہم اقدام ہے، جو پاکستان کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا واضح ثبوت ہے۔
رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سکھوں کا دوسرا نہیں بلکہ پہلا گھر ہے اور یاتری جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں کیونکہ ان کیلئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور مشکل حالات میں بھی سکھ برادری کیلئے سہولیات فراہم کرتا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور یہی ملک کی پہچان ہے، ان کے مطابق پاکستان کی امن کی کوششوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
