(لاہور نیوز) معروف اداکارہ تزئین حسین نے دوسری شادی کے متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم فیصلے میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے بلکہ مناسب وقت لینا ضروری ہوتا ہے۔
تزئین حسین، جو لیجنڈری اداکار طلعت حسین کی صاحبزادی ہیں، نے اپنی زندگی کے ایک مشکل دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پانچ سال تک بطور سنگل مدر زندگی گزارتی رہیں، ان کے شوہر کا انتقال بیماری کے باعث ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے خود کو سنبھالنے اور زندگی کو نئے انداز سے سمجھنے میں وقت لیا۔
دنیا ٹی وی کے پروگرام مذاق رات میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوسری شادی کے لیے پانچ سال کا عرصہ لیا، تنہائی انسان کو بہت کچھ سکھاتی ہے اور اس دوران انسان اپنی شخصیت کے ان پہلوؤں کو دریافت کرتا ہے جن سے وہ پہلے ناواقف ہوتا ہے۔
اداکارہ نے حال ہی میں دوسری شادی کی ہے، انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی اپنے موجودہ شوہر سے ملاقات انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی، جو دراصل ان کے ایک دوست کے قریبی دوست تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اکیلے پن کے دوران انہوں نے یہ سیکھا کہ اللہ پر یقین اور اس کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے، کیونکہ یہی یقین انسان کو ہر مشکل وقت سے گزار دیتا ہے۔
تزئین حسین نے مزید کہا کہ دوسری شادی کے لیے جلدی نہیں کرنی چاہیے، مجھے خود کو ایک اور موقع دینے کے لیے وقت درکار تھا، آج میں ایک بدلی ہوئی شخصیت ہوں، وہ تزئین نہیں جو اپنی پہلی شادی میں تھی اور اب میں اپنی زندگی سے بہت مطمئن اور خوش ہوں۔
