(ویب ڈیسک) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اداکارہ ریشم اور دیدار کی لفظی جنگ میں ریشم کی حمایت میں بول پڑیں ۔
حال ہی میں اداکارہ دیدار نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اداکارہ ریشم پر منفی اور لوگوں کی زندگیاں خراب کرنے کا الزام لگایا تھا جس پر ریشم نے بھی ایک انٹرویو میں دیدار کا نام لیے بغیر انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
دونوں اداکاراؤں کے درمیان لفظی جنگ میں اب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سامنے آگئی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا ایک بیان سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر ہونے والے ایک واقعے پر بات کرنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تھیٹر کی اداکارہ نے فلم اسٹار ریشم کے حوالے سے کافی اخلاق سے گری ہوئی بات کی جس پر مجھےتکلیف ہوئی، آپ کسی پر تنقید کرسکتے ہیں اختلافات رکھ سکتے ہیں لیکن کسی خاتون کے کردار پر اس طرح کی گفتگو کرنا اور کسی کے خیراتی کاموں پر گفتگو کرنا مناسب نہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ریشم خیراتی کام کرتی ہے، میں خود گواہ ہوں، پنجاب کے اسپتالوں سمیت حالیہ آنے والے سیلاب میں بھی کام کیا، ریشم کے خیراتی کام پر بھی تنقید کی گئی، یہ بدقسمتی کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک خاتون دوسری خاتون کے بارے میں سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز بات کرے تو پھر یہ ہی کہتے ہیں کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں کے گھروں میں پتھر نہیں مارتے،گزارش یہ ہی ہے کہ ایک دوسرے کی عزت کرنا سیکھیں۔
