(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا دفاع ممکن نہیں ہے، شر پسند عناصر پرانی ویڈیو چلا کر غلط تاثر دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سابق کپتان شاہد آفریدی کی ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں وہ عوام کو حکومت کی کفایت شعاری مہم میں حمایت کرنے کی درخواست کررہے ہیں، تاہم اس ویڈیو پر صارفین ان پر شدید تنقید کررہے ہیں۔
تاہم اب انہوں نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ کچھ شر پسند عناصر میری پرانی ویڈیو شیئر کر کے غلط تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کر رہا ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ مذکورہ ویڈیو حالیہ قیمتوں میں اضافے سے پہلے بنائی گئی تھی اور اس کا موجودہ حالات سے کوئی تعلق نہیں، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی کمر توڑ دے گا اور اس کا دفاع ان کے لیے ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم عقل اور کم علم دوستوں کے لیے وضاحت: اس پیغام کو مذموم سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا اور توڑ مروڑ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش شرم ناک ہے۔
شاہد آفریدی کی اس وضاحت کے بعد شہریوں میں پھیلائے جانے والے غلط تاثر کو دور کرنے کی کوشش کی گئی، جس میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ ایک شہری ایک لیٹر پٹرول پر کتنا ٹیکس ادا کرتا ہے۔
