(ویب ڈیسک)کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر پاکستان کے کرکٹ ٹیلنٹ سے بےحد متاثر ہیں۔
خصوصی انٹرویو میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں دنیا کی مختلف لیگز کا موازنہ کرنا پسند نہیں کرتا، ہر کوئی اپنی جگہ منفرد ہے، البتہ پاکستان میں ٹیلنٹ خاص طور پر فاسٹ بولنگ میں بیحد شاندار ہے، بہت سے بولرز 140 کی رفتار سے گیند کرتے ہیں جو غیر معمولی بات ہے۔
اپنے پسندیدہ لیفٹ ہینڈ پاکستانی بیٹرز کے بارے میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ مجھے کئی پلیئرز اچھے لگتے ہیں، فخرزمان ان میں سے ایک ہیں، صائم ایوب بھی پل شاٹ میں بہت ماہر ہیں، یہ دونوں کسی حد تک میرے جیسے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بطور بیٹر میں کسی بولر کو مشکل نہیں سمجھتا لیکن شاہین شاہ آفریدی بہت ماہر پیسر ہیں، ہماری ٹیم میں بھی بہت اچھے بولرز ہیں، حسن علی کی اسکلز بہترین ہیں، میر حمزہ نئی گیند کے ساتھ خطرناک ثابت ہوتے ہیں، عباس آفریدی بھی بہت اچھے ہیں۔
ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ سلمان علی آغا بہت اچھے کھلاڑی ہیں، وہ میدان میں میری کافی مدد کرتے ہیں، سلمان کھلاڑیوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں جو میرے لیے بہت فائدہ مند ہے، ان جیسے تجربہ کار کھلاڑی کا ساتھ ہونا ہمارے لیے ایک بڑا ایڈوانٹیج ہے۔
