(ویب ڈیسک) ملک میں جاری کفایت شعاری مہم کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت مارچ کے دوران 13 فیصد تک بڑھ گئی، جبکہ مجموعی فروخت 1.44 ملین ٹن تک جا پہنچی، سالانہ بنیادوں پر یہ اضافہ 19 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی مجموعی فروخت 12.40 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔
مصنوعات کے لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو پٹرول کی فروخت 0.67 ملین ٹن رہی، جس میں 16 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، اسی طرح ڈیزل کی فروخت 0.62 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جو 21 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے، فرنس آئل کی فروخت میں بھی غیر معمولی طور پر 98 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے پی ایس او کی سیلز 0.63 ملین ٹن، اٹک پٹرولیم کی 0.11 ملین ٹن رہی۔
