(ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پٹرولیم مصنوعات پر مزید ممکنہ سبسڈی پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
حکام وزارت خزانہ نے عالمی مالیاتی ادارے کو بتایا کہ پٹرول پر موجودہ سبسڈی عارضی ہے، حکومت نے تیل کی عالمی قیمتوں کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی کرا دی، قرض معاہدے کے تحت پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل جاری رکھا جائے گا۔
حکام کے مطابق غریب طبقے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے وظیفے میں 5 ہزار روپے اضافہ کیا جائے گا، سہ ماہی وظیفہ 14500 سے بڑھ کر 19500 روپے ہو جائے گا، بی آئی ایس پی کے مستحقین پر اضافے کا اطلاق جنوری 2027 سے ہو گا، بی آئی ایس پی مستحقین کی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
موٹر سائیکل، رکشہ والوں کو سبسڈی کی فراہمی کیلئے صوبوں سے مشاورت جاری ہے، کھاد، زرعی ادویات پر فی الحال ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئندہ بجٹ میں ایف ای ڈی عائد کرنے پر غور کیا جائے گا۔
حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مزید مالی گنجائش پر مشاورت جاری ہے، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ایک ماہ میں متوقع ہے جس میں پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دی جائے گی۔
