(لاہور نیوز) گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ مسیحی برادری کو پرامن ماحول میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق گڈ فرائیڈے کے 2270 پروگرامز پر 13 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ ایسٹر کے 3153 پروگرامز پر 17 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ صرف لاہور میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری، سنائپرز اور کمانڈوز تعینات کیے جائیں، جبکہ شرکا کو مکمل چیکنگ اور شناخت کے بعد ہی گرجا گھروں میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے پولیس اور کمیونٹی رضا کاروں کو انتہائی چوکس رہنے اور مشکوک افراد، سامان اور اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی بھی تاکید کی۔
مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سینئر پولیس افسران گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں اور آر پی اوز، ڈی پی اوز سمیت متعلقہ افسران چرچ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ ڈولفن فورس، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کے جوان حساس مقامات کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایسٹر کے موقع پر پارکس اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور مذہبی تقریبات کے اختتام تک کوئی بھی اہلکار اپنی ڈیوٹی پوسٹ ہرگز نہ چھوڑے۔ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی چیکنگ مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
