(لاہور نیوز) شہر اور صوبہ بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ جاری ہے جس سے صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی فی کلو 400 سے 420 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، حالانکہ اوگرا نے رواں ماہ اس کی قیمت 226 روپے فی کلو مقرر کی تھی، پلانٹس سے ایل پی جی 382 سے 390 روپے فی کلو تک دستیاب ہے، تاہم مصنوعی قلت اور مارکیٹ میں مافیا کی سرگرمیوں کی وجہ سے قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ ملک میں ایل پی جی وافر مقدار میں موجود ہے اور بحران کا سبب زیادہ تر قدرتی گیس اور ایل این جی کی کمی ہے، جس کی وجہ سے ایل پی جی کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے، لاہور ڈویژن میں یومیہ 1,400 سے 1,500 ٹن جبکہ ملک بھر میں 7 سے 8 ہزار ٹن ایل پی جی کی ضرورت ہے۔
چئیرمین ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ حکومت مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور چھوٹے دکانداروں کے مسائل کو حل کیا جائے تاکہ صارفین کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
