(لاہور نیوز) برائلر گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ، مہنگائی کے بڑھتے رجحان کے باعث عوام کے لیے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
حالیہ اضافے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں مزید 8 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 577 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ صاف گوشت 677 روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر فروخت ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق زندہ برائلر کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق سامنے آیا ہے، جہاں فارم ریٹ 370 روپے فی کلو ہے جبکہ فارمرز کی جانب سے سپلائی 385 روپے فی کلو پر دی جا رہی ہے۔
اسی طرح تھوک سطح پر سرکاری ریٹ 384 روپے مقرر ہونے کے باوجود فروخت 401 روپے فی کلو میں ہو رہی ہے، جبکہ پرچون سطح پر مقررہ قیمت 398 روپے کے برعکس 413 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے۔
شہریوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹن اور بیف پہلے ہی مہنگے ہو چکے تھے اور اب برائلر گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے سرکاری نرخ نامے جاری کیے جا رہے ہیں، تاہم ان پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں زائد قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں، جس پر مؤثر نگرانی اور سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔
