(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے میچز کے دوران سکیورٹی اور سرویلنس کیلئے خصوصی اور جامع انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق قذافی اسٹیڈیم، ایئرپورٹ، ہوٹلز اور میچ روٹس کی فول پروف سکیورٹی کیلئے سیف سٹی اور لاہور پولیس کی مشترکہ حکمت عملی نافذ کر دی گئی ہے۔
میچز کے دوران 950 سے زائد جدید کیمروں کے ذریعے شہر بھر میں مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ فیشل ریکگنیشن، آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی اینالیٹکس اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
سیف سٹی کنٹرول روم کی ڈیجیٹل وال کے ذریعے اسٹیڈیم کے اندر، باہر اور اطراف کے علاقوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ ڈرونز کے ذریعے اسٹیڈیم، کھلاڑیوں کے روٹس، ہوٹلز اور ایئرپورٹ کے گرد و نواح کی فضائی مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق فیشل ریکگنیشن کیمروں اور جدید LTE ہینڈ سیٹس کے استعمال سے سکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط کیا گیا ہے، جبکہ سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں ورچوئل پٹرولنگ افسران اور ٹیکنیکل ٹیمیں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سکیورٹی سٹینڈرڈز کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مزید برآں سیف سٹی ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک روٹس، متبادل راستوں اور پارکنگ سے متعلق بروقت آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ میچز کے دوران عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
