(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صحت مند پنجاب کیلئے ٹی بی کے خلاف جنگ جیتنا ناگزیر ہے۔
عالمی یومِ تپِ دق کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں صوبے سے ٹی بی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹی بی کے خاتمے کو صحتِ عامہ کی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے اور ایک صحت مند پنجاب کیلئے اس مرض کے خلاف جنگ جیتنا ناگزیر ہے، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے ذریعے نہ صرف اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ قیمتی انسانی جانیں بھی بچائی جا سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے عوام میں آگاہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹی بی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بروقت علاج سب سے مؤثر طریقہ ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے ٹی بی، ہیپاٹائٹس اور امراض قلب کے مریضوں کو گھر کی دہلیز پر مفت ادویات فراہم کرنے کا پروگرام جاری ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید بتایا کہ صوبے بھر میں ٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات، تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات، پی سی آر ٹیسٹ جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے گھر گھر جا کر مریضوں کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں ''ڈوٹس'' (DOTS) پروگرام کے تحت مکمل مفت علاج جاری ہے، جبکہ ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی کے مریضوں کیلئے خصوصی مراکز بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں افراد تپِ دق جیسے موذی مرض کا شکار ہوتے ہیں، جس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کی شمولیت بھی انتہائی ضروری ہے، حکومت، ہیلتھ ورکرز، سول سوسائٹی اور نجی طبی اداروں کے تعاون سے ٹی بی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔
