(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے میچز بغیر تماشائیوں کے کرانے اور ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے ہی شروع ہو گی، پی ایس ایل ہمارا انٹرنیشنل برانڈ ہے، وزیراعظم اور سکیورٹی اداروں سے مشاورت ہوئی، خطے کی صورت حال بہتر ہونے تک کراؤڈ کو اجازت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت ٹورنامنٹ کو صرف 2 شہروں میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے، پی ایس ایل کے میچز صرف لاہور اور کراچی میں منعقد ہوں گے، فیصل آباد، پشاور کے شائقین سے میچز کی میزبانی واپس لینے پر معذرت چاہتا ہوں، ٹکٹس کے پیسے واپس کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی آج رات سے پہنچنا شروع ہو جائیں گے، نیا شیڈول دیں گے، جس میں کھلاڑیوں کی موومنٹ کم ہو گی، لیگ چھوڑنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہماری فرنچائزز سے بھی مشاورت ہوئی ہے، فرنچائزز کا گیٹ منی کا نقصان پی سی بی پورا کرے گا، اگر ملتوی کرتے تو سال بھر پی ایس ایل نہیں کرا سکتے تھے، اس مرتبہ پی ایس ایل کی ریکارڈ ویورشپ دیکھیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ پتہ نہیں مشرق وسطیٰ میں جنگ کب تک چلے گی، دعا ہے خطے کی صورتحال جلد معمول پر آ جائے۔
