(لاہور نیوز) عیدالفطر سے ایک روز قبل جہاں ملک بھر میں خوشیوں کی تیاری عروج پر ہے، وہیں لاہور شہر کی روایتی چہل پہل میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
چند روز پہلے تک رات گئے تک جاگنے والا شہر اب غیر معمولی طور پر خاموش دکھائی دے رہا ہے، عید کا اصل جذبہ لئے پردیسی ہر حال میں اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں، جس کے باعث شہر کی بڑی شاہراہیں جو چند دن پہلے تک ٹریفک سے بھرپور تھیں، اب سنسان نظر آنے لگی ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد اپنے آبائی علاقوں کا رخ کر چکی ہے تاکہ عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں۔
دوسری جانب بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز اور موٹرویز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں لوگوں کا ہجوم اپنے گھروں کو جانے کیلئے بےتاب دکھائی دیتا ہے، مسافروں کی اس بڑی نقل و حرکت نے شہر کے اندرونی حصوں کو نسبتاً خالی کر دیا ہے۔
لاہور کی گلیاں اور بازار، جو عام دنوں میں خریداروں سے بھرے ہوتے ہیں، اب ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں، بیشتر دکانیں معمول سے پہلے بند ہو رہی ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔
ٹریفک کا دباؤ نمایاں حد تک کم ہو چکا ہے اور شہر میں ایک غیر معمولی خاموشی محسوس کی جا رہی ہے، جو عید سے قبل پردیسیوں کی بڑے پیمانے پر واپسی کا واضح ثبوت ہے۔
