(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ کی طرف سے بس سٹینڈز، ویگن اڈوں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چاند رات کے دوران بازاروں میں رش کے پیش نظر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے، جبکہ خواتین اور بچوں کو ہراسانی سے بچانے کے لیے ویمن پولیس اسکواڈ کے خصوصی گشت کو یقینی بنایا جائے۔
مزید برآں، بازاروں اور مارکیٹوں میں نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں اور رات کے وقت نائٹ ویژن دوربینوں کے استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ سڑکوں پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے کڑی نگرانی کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بینکوں اور اے ٹی ایم کے اطراف سیکیورٹی اور گشت بڑھانے، جبکہ پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام کو بس اور ویگن اڈوں پر مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت بھی جاری کی۔ اس کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ میں مقررہ کرایہ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
ان اقدامات کا مقصد چاند رات کے موقع پر شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں، کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
