(لاہور نیوز) پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کی گئی پابندیوں میں جزوی تبدیلیاں، شہر میں جاری کفایت شعاری مہم کے تحت ٹریفک پولیس کے افسران سے واپس لی گئی سرکاری گاڑیاں انہیں دوبارہ فراہم کر دی گئیں۔
شہر میں جاری کفایت شعاری مہم کے تحت ٹریفک پولیس کے افسران سے واپس لی گئی سرکاری گاڑیاں دوبارہ فراہم کر دی گئی ہیں۔ یہ اقدام پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیشِ نظر اخراجات کم کرنے کے لیے کیا گیا تھا، تاہم انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں نرمی کی گئی ہے۔
قبل ازیں ایس پیز، ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز کو موٹر سائیکلوں پر پٹرولنگ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، لیکن اب نئی ہدایات کے مطابق سیکٹر انچارجز پٹرولنگ کے بجائے گاڑیوں پر سٹینڈنگ ڈیوٹی انجام دیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کے مطابق کسی بھی سرکاری گاڑی کو ڈیوٹی سلپ کے بغیر پولیس لائن سے روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، تاکہ شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے، مزید برآں، عوامی سہولت کے پیشِ نظر ٹریفک وارڈنز کو عید تک رکشہ، موٹر سائیکل اور لوڈر رکشوں کے چالان کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات کا مقصد وسائل کے مؤثر استعمال کے ساتھ ساتھ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
