(لاہور نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے بینکنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے کے بینک فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت آصف علی کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے ایک شہری کو بینک سے 64 لاکھ روپے قرض دلوانے کا جھانسہ دیا، ملزم نے مبینہ طور پر بینک ملازمین کی ملی بھگت سے سادہ لوح شہری کے نام پر 64 لاکھ روپے کا لون منظور کروایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شہری کو صرف 24 لاکھ روپے کا قرض ظاہر کیا جبکہ باقی رقم خود ہڑپ کر گئے، مزید یہ کہ ملزم آصف علی نے 24 لاکھ روپے میں سے بھی 3 لاکھ روپے اضافی طور پر شہری سے وصول کر لئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ اس فراڈ میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
