(لاہور نیوز) ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی شہر کی منڈیوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور سپلائی چین کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس مقررہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اشیائے خورونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کی منڈیوں میں پھلوں اور سبزیوں کی وافر مقدار میں آمد جاری ہے۔ آلو، پیاز اور ٹماٹر کے 163 ٹرکوں کی آمد سے سپلائی چین مزید مستحکم ہوئی ہے جس سے قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں مدد ملے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور شہریوں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
