ازبکستان کے تاشقند ریجن کے گورنر کی قیادت میں 18 رکنی وفد تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کا استقبال کیا۔
مریم اورنگزیب نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ازبکستان کے گورنر اور وفد کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا، ازبکستان کے وفد نے مریم اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (PBIT) کا دورہ بھی کیا۔
وفد میں تاشقند ریجن کے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار بھی شامل ہیں جنہوں نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تاشقند اور پنجاب کے درمیان باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں پنجاب میں صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ ازبک وفد کے نجی شعبے کے ذریعے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک کے عوام خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر پنجاب میں ازبکستان کے اعزازی قونصل نجیب مشتاق وہرا اور ازبکستان کے سفارت خانے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد کے ہمراہ تھے۔
