(ویب ڈیسک) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ آج ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز دوپہر 1 بجکر 15 منٹ پر ہوگا، پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑی ڈیبیو کریں گے۔
صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شامل حسین اپنے کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیلیں گے۔ واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ٹاپ سکورر رہے ہیں۔
سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ باِلترتیب 13 اور 15 مارچ کو ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکا کے معروف شیر بنگلا نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کی گئی نئی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان شاہینز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
مائیک ہیسن کے مطابق بنگلہ دیش کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، اس لیے ٹیم کو جلد از جلد مقامی پچ اور موسم کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا تاکہ میزبان ٹیم کو اس کی سرزمین پر سخت مقابلہ دیا جا سکے۔
دورہ بنگلہ دیش کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں۔ ٹیم میں عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت اور معاذ صداقت شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شمائل حسین بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
