(لاہور نیوز) دربار شیخ علی ہجویری المعروف داتا دربار اور بادشاہی مسجد سمیت صوبہ بھر کی مساجد میں اعتکاف کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔
محکمہ اوقاف کے مطابق اعتکاف فارموں کی سکروٹنی کا عمل کل صبح تک مکمل ہو جائے گا تاکہ تمام معتکفین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
داتا دربار ایڈمنسٹریشن نے 1550 اعتکاف فارم جاری کئے اور اسی تعداد میں فارم واپس موصول ہوئے، بادشاہی مسجد میں 500 اعتکاف درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
اعتکاف کل بعد از افطار شروع ہو گا، جس کیلئے معتکفین کے بستر، پردے، سحر و افطار کا وسیع انتظام کیا جائے گا، دربار علی ہجویری کے انتظامات محکمہ اوقاف خود دیکھے گا جبکہ بقیہ مساجد کی نگرانی متعلقہ مساجد کمیٹیاں کریں گی۔
چھوٹی مساجد میں 50 سے 200 افراد جبکہ بڑی مساجد میں 300 سے 500 افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے، ترجمان اوقاف نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اعتکاف کے دوران مقررہ ضوابط کی پابندی کریں تاکہ عبادت کا ماحول پرسکون رہے۔
