(لاہور نیوز) ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے لاہور کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔
کارروائیاں چیف ٹاؤن پلانر کی نگرانی میں کی گئیں، ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے ٹیموں نے گلشن راوی، سمن آباد، ڈیفنس روڈ، ملتان روڈ اور کینال روڈ کے اطراف میں آپریشن کیا۔
اس دوران گلشن راوی اور سمن آباد میں 3 غیرقانونی تعمیرات مسمار کی گئیں، گلشن راوی میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 14 املاک سربمہر کی گئیں، ریکوری آپریشن کے دوران ڈیفنس روڈ، ملتان روڈ اور کینال روڈ کے اطراف میں 20 املاک سیل کی گئیں۔
سیل کی گئی املاک میں نجی سکولز، گراسری سٹورز، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، بیوٹی سیلون، آٹو ورکشاپ، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔
ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نہ دینے والے مالکان کے خلاف بلاامتیاز کی جا رہی ہیں تاکہ شہر میں قانون کے نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔
