وزیر بلدیات کا سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے آفس کا دورہ، مانیٹرنگ روم کا معائنہ کیا
(لاہور نیوز)صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر قائم کئے گئے جدید مانیٹرنگ روم کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے صوبائی وزیر کو اتھارٹی کے مختلف امور اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران وزیر بلدیات نے سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور اتھارٹی کے ٹرانزیشن کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں شہریوں میں صفائی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے تیار کی گئی ایک شارٹ فلم بھی دکھائی گئی، اس موقع پر ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ صفائی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی فوکس ہے اور اس مقصد کیلئے موثر آگاہی مہم چلانا ناگزیر ہے، اس فلم کے ذریعے بالخصوص نوجوانوں کو صفائی کی اہمیت کا پیغام دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ہر ڈویژن میں میڈیا مانیٹرنگ روم قائم کیا جائے اور معاشرتی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، اینٹی لٹرنگ مہم کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور صفائی کے بعد گندگی پھیلانے والوں کے خلاف جرمانے بھی عائد کئے جائیں۔
ذیشان رفیق نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید موثر بنانے پر بھی زور دیا اور ہدایت کی کہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی مکمل طور پر ڈیجیٹائز ہے اس لئے موصول ہونے والی شکایات پر ہونے والا ایکشن فوری طور پر سسٹم پر اپ لوڈ کیا جائے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق اقدامات جاری ہیں اور اتھارٹی کے ٹرانزیشن کے عمل کا بیشتر کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
