(لاہور نیوز) سیاسی و جغرافیائی کشیدگی کے پیش نظر ممکنہ حالات سے نمٹنے کیلئے حکومت نے مختلف ہنگامی تجاویز تیار کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور کھپت کا جائزہ لینے کیلئے قائم ہائی پاورڈ کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کر لی ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مارچ کے مہینے میں تعلیمی اداروں میں آن لائن سیشن شروع کرنے اور کارپوریٹ اداروں میں ہفتے میں دو دن آن لائن کام کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے، اسی طرح ٹیلی کام، آئی ٹی اور دیگر کارپوریٹ سیکٹر میں بھی ہفتے میں دو روز آن لائن ورکنگ کی تجویز زیر غور ہے۔
حکام کے مطابق تمام دفاتر میں صرف ضروری عملہ رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ قومی ایکشن پلان کے تحت اہم مقامات پر ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ترغیب دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے، اگر رواں ہفتے کے دوران علاقائی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو قومی ایکشن پلان پر فوری فیصلے کا امکان ہے۔
ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ طویل کشیدگی کی صورت میں پاکستان کی توانائی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، جس کے پیش نظر وفاقی حکومت ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے متبادل پلان پر بھی کام کر رہی ہے۔
