(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو 2026 28 مارچ سے شروع ہو رہا ہے، جس کا افتتاحی تقریب فورٹریس سٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔
شو کے دوران لاہور کی بڑی شاہراہوں پر 28 مارچ سے 11 اپریل تک گرینڈ فلوٹ پریڈ کی جائے گی، جو شہریوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگی۔
29 مارچ کو لاہور پولو کلب میں ونٹیج کار اور بائیک شو کا انعقاد ہوگا جبکہ یکم اپریل کو انٹرنیشنل پولو میچ کے ساتھ عرب ہارس ڈریسیج اور ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
ہارس اینڈ کیٹل نمائش 3 سے 5 اپریل تک فورٹریس سٹیڈیم میں سجائی جائے گی۔ علاوہ ازیں، 31 مارچ سے 11 اپریل تک جیلانی پارک میں سرکس شو اور 10 تا 12 اپریل کو فوڈ اینڈ میوزک فیسٹیول اور فیشن شو کیس کا انعقاد ہوگا۔
12 اپریل کو حضوری باغ میں صوفی فیسٹیول اور جیلانی پارک میں کبڈی اور دیگر دلچسپ کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ، سائیکل ریس بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔
ہارس اینڈ کیٹل شو 2026 کی اختتامی تقریب 18 اپریل کو منعقد ہوگی، جس میں تمام سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کیا جائے گا۔
یہ میلہ نہ صرف گھڑسواری اور پولو کے شائقین کے لیے بلکہ فیملیز اور بچوں کے لیے بھی ایک تفریحی اور دلچسپ تجربہ فراہم کرے گا۔
