ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کا انکشاف، پٹرول پمپوں کو سپلائی میں بڑی کمی
(لاہور نیوز) ملک میں تیل کے وافر ذخائر موجود ہونے کے باوجود آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول پمپوں کو ڈیزل اور پٹرول کی سپلائی میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں ایندھن کی دستیابی متاثر ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپوں کو ضرورت کے مقابلے میں پٹرول کی سپلائی تقریباً 50 فیصد جبکہ ڈیزل کی سپلائی 70 فیصد تک کم کر دی گئی ہے۔ سپلائی میں کمی کے باعث کئی علاقوں میں ڈیزل کی فروخت شدید متاثر ہوئی ہے جبکہ بعض مقامات پر ڈیزل کی فروخت عارضی طور پر معطل ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عالمی منڈی میں کروڈ آئل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث آئندہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر پٹرول کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 70 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق قیمتوں میں متوقع اضافے کے پیش نظر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مبینہ طور پر پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر روک کر سپلائی محدود کر دی ہے تاکہ قیمتوں میں اضافے کے بعد فروخت کی جا سکے۔
ادھر آئل کمپنیوں کے ڈپوز پر پٹرول پمپوں کو سپلائی کرنے والے فیول ٹینکرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جبکہ کمپنیوں کی جانب سے سپلائی پر کیپنگ اور ایلوکیشنز بھی لگائی جا رہی ہیں جس سے پٹرول پمپ مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
