(لاہور نیوز) فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کا جنوبی وزیرستان میں وانا کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے مغربی سرحد پر موجودہ سکیورٹی صورتِ حال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا، اُنہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
.jpg)
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فیلڈمارشل نے فاتحہ خوانی کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں، دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس پر مبنی جاری آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے بریفنگ لی۔
اِسی طرح فیلڈ مارشل کو جاری آپریشن غضب للحق اور پاکستان افغانستان سرحد پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سید عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور جاری جھڑپوں کے دوران اُن کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔
اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ناقابلِ قبول ہے، سرحد پار سے آنے والے خطرات کے تدارک کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ امن تبھی ممکن ہے جب افغان طالبان دہشتگردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کر دیں، فیلڈ مارشل نے پاک-افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاریوں کو سراہا اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک کا مزید کہنا تھا کہ وانا آمد پر فیلڈ مارشل کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔
