(لاہور نیوز) ممتاز قانون دان محمد مدثر چوہدری نے سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری سے ان کی رہائش گاہ پر طویل ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں علی شان مناواں اور سید شہزادہ عدنان ایڈووکیٹس بھی شامل تھے، اس موقع پر اہم نوعیت کے زیرِ سماعت مقدمات، آئینی تشریحات اور عدالتی اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی جبکہ شرکاء نے حالیہ قومی و سیاسی حالات، عدلیہ کے کردار، آئین کی بالادستی و قانون کی حکمرانی سے متعلق اپنے اظہار خیال کیا۔
سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے قانونی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وکلاء اور ججز کو ہر حال میں آئین و قانون کی پاسداری کو مقدم رکھنا چاہیے تاکہ عوام کو بروقت اور سستا انصاف فراہم کیا جا سکے، مضبوط عدالتی نظام ہی جمہوری استحکام کی ضمانت ہوتا ہے۔
سینئر ایڈووکیٹ مدثر چوہدری نے کہا کہ ملک اس وقت جن آئینی و سیاسی چیلنجز سے گزر رہا ہے، ان کے حل کے لئے تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وکلاء برادری انصاف کی فراہمی، بنیادی حقوق کے تحفظ اور آئینی بالادستی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ملاقات کے اختتام پر ملکی استحکام، قانون کی حکمرانی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
