(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ پولیس جرائم کی کمی کے لیے مؤثر کارروائیاں کر رہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی کوئی جرم رپورٹ ہوتا ہے فوری طور پر مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس کی پالیسی ہے کہ ہر جرم بلا تاخیر رجسٹرڈ کیا جائے تاکہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ نہ آئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پنجاب میں ننانوے فیصد مقدمات کے چالان جمع کروا دیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق چالان جمع کروانا کسی بھی مقدمے کی اہم ترین سٹیج ہوتی ہے کیونکہ اسی مرحلے پر کیس باقاعدہ عدالتی کارروائی میں داخل ہوتا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ چالان جمع کروانے کے لیے ایک باقاعدہ ٹائم فریم مقرر کیا گیا ہے اور جن مقدمات کے چالان تاحال زیر التوا ہیں وہ بھی جلد جمع کروا دیے جائیں گے۔
