(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت منعقد کیے جا رہے ہیں، جس کے لیے 32 ہزار 488 رجسٹرڈ وکلاء ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔
بار کے چار اہم عہدوں کے لیے مجموعی طور پر 18 امیدوار میدان میں ہیں اور مختلف گروپس کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
صدارتی نشست پر احسن بھون گروپ کے راجہ عامر خان اور حامد خان گروپ کے بابر مرتضیٰ آمنے سامنے ہیں۔ سیکرٹری کی نشست پر رائے محمد علی کھرل، قاسم اعجاز سمرا، لہراسپ حیات ڈاہر اور سجاد حسین تارڑ کے درمیان مقابلہ ہے۔ نائب صدر کی نشست کے لیے چوہدری قمر شاہد، سہیل قیصر، شیخ حسیب بن یوسف اور فیصل محبوب ملک مد مقابل ہیں۔
فنانس سیکرٹری کی نشست پر قرۃ العین ورک، بلال ریاض شیخ، چوہدری عبدالحئی گجر، حافظ عثمان لال دین جٹ، ردا نور ملک، سعدیہ نورین مہر، فائزہ نصیر چوہدری آرائیں اور ملک علی رضا کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔
انتخابات کے لیے بائیو میٹرک ووٹنگ سسٹم پر 125 کمپیوٹرز نصب کیے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 8 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ کیانی ہال، جناح لاؤنج، کراچی شہداء ہال، اقبال لاؤنج، ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم اور لیٹیگینٹ سنٹر کے ہال نمبر ایک اور دو میں ووٹنگ جاری ہے، جبکہ خواتین وکلاء کے لیے سٹڈی روم میں علیحدہ پولنگ بوتھ قائم کیا گیا ہے۔
وکلاء ووٹرز کے لیے شناختی کارڈ اور بار کارڈ ساتھ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور بغیر شناختی دستاویزات کسی بھی وکیل کو احاطہ ہائیکورٹ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا جبکہ الیکشن ڈے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
